نئی دہلی26دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سابق ہندوستانی کرکٹر محمد کیف نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان پر سخت حملہ کیا ہے،منگل کو کیف نے پاکستانی وزیر اعظم کو ان کے بیان کے لئے جم کر لتاڑا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ ہندوستان کی نریندر مودی حکومت کو بتائیں گے کہ آخراپنی اقلیتوں کے ساتھ کیسا برتاؤ کیا جاتا ہے۔کیف نے پاکستان کے وزیر اعظم کے بیان پرسخت تنقیدکی۔محمد کیف نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے لئے ٹویٹ کیا کہ پاکستان میں 20فیصد اقلیتیں تقسیم ہونے کے وقت موجود تھی لیکن اب دو فیصد باقی ہیں۔دوسری طرف ہندوستان میں آزادی کے بعد اقلیتوں کی تعداد بڑھ گئی ہے،اقلیتوں کے ساتھ کیسا سلوک کیاجائے، اس کے بارے میں لیکچر دینے کاپاکستان آخری ملک ہونا چاہیے۔محمد کیف نے ساتھ ہی پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی خبروالالنک بھی ٹویٹ میں شیئرکیاہے۔بتادیں کہ عمران خان بالی ووڈ کے اداکار نصیر الدین شاہ کے بیان پر تبصرہ کر رہے تھے۔غور طلب ہے کہ عمران خان کا بیان نصیر الدین شاہ کے اس بیان کے بعد آیا تھا جس میں نصیر الدین نے کہا تھا کہ ہندوستان میں انسپکٹر کی موت کے بجائے ایک گائے کی موت کو زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے۔کیف سے پہلے نصیرالدین شاہ نے عمران خان کے اس بیان کی مذمت کی۔شاہ نے ’دی سنڈے ایکسپریس‘ کو عمران خان کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ مسٹر خان کو اپنے ہی ملک پر بات کرنی چاہئے بجائے اس کے ان مسائل پر تبصرہ کرنے سے جن سے ان کا کوئی واسطہ ہی نہیں ہے،ہم 70سال سے جمہوری ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ ہمیں اپنی دیکھ بھال کیسے کرنی ہے۔